لاہور، 10 اگست(اے پی پی): سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے لاہور شہر میں زیر تعمیر سہولت آن دی گو بازاروں کے ہنگامی دورے کیے اور گلشن راوی، شادمان، مادر ملت، فیصل ٹاؤن، رائے ونڈ اور مانگا منڈی میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی جی پنجاب سہولت بازار اتھارٹی اور ڈائریکٹر پراجیکٹ روشن ضمیر نے تعمیراتی کاموں پر بریفنگ دی، جبکہ کنسلٹنٹ پرائس کنٹرول مقصود احمد بھی ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے افسران کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور منصوبوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور کے 15 مقامات پر سہولت آن دی گو بازار جدید طرز پر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن میں ابتدائی مرحلے میں سات بازاروں پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔
سیکرٹری پرائس کنٹرول کے مطابق ان بازاروں میں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے سستی اور معیاری اشیائے خورونوش فراہم کی جائیں گی۔ بازاروں میں یکساں طرز تعمیر، صاف ستھرا ماحول اور جدید سہولیات دستیاب ہوں گی تاکہ عوام کو بہترین خریداری کا تجربہ میسر آ سکے۔











