لودھراں4 اگست(اے پی پی)-پولیس کے یومِ شہداء کے موقع پر ضلع میں پولیس کی جانب سے مختلف پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت اور ان کے اہلِ خانہ کو بھرپور عزت و احترام دیا گیا۔تقریبات کا آغاز ڈی پی او آفس میں قرآن خوانی سے ہوا، جس میں پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ قرآن خوانی کے بعد شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن محمد اکرم خان نیازی بھی موجود تھے۔یومِ شہداء کے موقع پر یادگارِ شہداء پر سلامی کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں شہداء کی فیملیز، غازیوں، ضلعی افسران، پولیس افسران اور دیگر معززین نے بھرپور شرکت کی۔بعد ازاں ڈی پی او آفس میں شہداء پولیس کے ورثاء اور غازیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے شرکت کی۔ تقریب میں شہداء کے ورثاء کو زمین کی رجسٹریاں اور تحائف دیے گئے جبکہ محکمہ پولیس کے غازیوں کو بھی اعزازی شیلڈز اور گفٹس پیش کیے گئے۔ اختتام پر شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او کیپٹن (ر) علی بن طارق نے کہا کہ پولیس شہداء نے ملک میں امن و امان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا کہ شہداء کی فیملیز کا عزت و احترام ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور ضلعی انتظامیہ ورثاء کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کی مقروض ہے اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔شہداء کے اہلِ خانہ نے تقریب میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے پیاروں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ پولیس نے ہمیشہ ہماری دلجوئی کی اور ہمیں عزت دی، جس کے ہم مشکور ہیں۔ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع لودھراں کے 16 شہداء اور 13 غازی ہماری پہچان اور حوصلے کی بنیاد ہیں، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔











