ملتان میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب ، پرچم کشائی، پریڈ اور امن کا پیغام

20

ملتان،14 اگست(اے پی پی ):  شہرِ اولیاء میں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج سنائی دی۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شاندار پریڈ کا مظاہرہ ہوا۔ کمشنر عامر کریم خاں اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے قومی پرچم سربلند کیا۔

تقریب میں سی پی او صادق علی ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ پرچم کشائی سے قبل سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ پولیس، ریسکیو اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے غبارے فضا میں چھوڑ کر امن کا پیغام دیا۔

اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ 14 اگست قربانیوں، جدوجہد اور حق کے علمبردار رہنے کی یاد دلاتا ہےاور کہا کہ یہ دن عہد کی تجدید ہے کہ پاکستان کو امن، عدل اور ترقی کا گہوارہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا جشنِ آزادی “بنیان المرصوص” معرکۂ حق کی فتح کے بعد نئے عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور حصولِ آزادی سے تحفظِ آزادی تک پاک فوج نے ثابت کیا کہ ہم ایک ہیں اور جاگ رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ 14 اگست وطن کی حفاظت، ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے کو تازہ کرنے کا دن ہے۔ ہر شہری کو آج وطنِ عزیز کی حفاظت کا عہد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے عظیم فتح حاصل کر کے دنیا میں پاکستان کا پرچم سربلند کیا اور قوم کی خوشیوں کو دگنا کر دیا۔

تقریب کے اختتام پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اراکین اسمبلی کے ہمراہ جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔