لاہور،13 اگست(اے پی پی): نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) لاہور کیمپس اور ایوانِ اقبال کمپلیکس کے اشتراک سے 14 اگست کے موقع پر ایک شاندار اور پرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی سرپرستی نمل لاہور کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) ہمایوں ضیا چوہان نے کی، جنہوں نے تقریب کی تیاریوں اور کامیابی کو یقینی بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔پروگرام میں مہمانِ خصوصی سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول تھے اورجامعہ پنجاب کے ڈین فیکلٹی آف ہیومینیٹیزکے ساتھ ساتھ سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معزز شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ شرکاء نے قومی ترانہ یکجہتی اور ولولے کے ساتھ پڑھا، جس سے ایوانِ اقبال کا ہال حب الوطنی کے جذبات سے گونج اٹھا۔اپنے خطاب میں خالد مقبول نے تحریکِ آزادی کے تاریخی پس منظر، “معرکۂ حق” کے واقعات اور پاکستان کے قیام کے لیے پیش کی جانے والی قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کردار ادا کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل ان کے ہاتھ میں ہے۔سینئر صحافی سلمان غنی نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک معجزہ تھا، اور اس کی بقاء بھی تب ہی ممکن ہے جب ہم قومی اتحاد، قربانی اور دیانتداری کے اصولوں پر عمل کریں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم اور مہارت کو ملک کی خدمت کے لیے استعمال کریں۔تقریب میں طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور آزادی کے حوالے سے تخلیقی خاکے پیش کیے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ ایونٹ کے دوران پاکستان کی تاریخی جدوجہد اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیاگیا جس پر حاضرین نے کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں۔پروگرام کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی بقاء اور ترقی کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں کھڑے رہیں گے۔