وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس ، ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے   جائزہ اجلاس

20

‎اسلام آباد، 17 اگست ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ سے کے حوالے جائزہ اجلاس  منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے اور لین دین کے نظام کو کیش لیس و ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

‎وزیراعظم نے کیش لیس معیشت کی طرف اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر ملک میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ “راست” کے نظام کو ضلعی حکومتوں تک توسیع دینے کے لیے تمام چیف سیکریٹریز وفاقی حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔

‎اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے تحت ایسی ڈیجیٹل آئی ڈیز متعارف کرائی جائیں گی جن میں ہر شہری کی قومی شناخت، بائیومیٹرک اور موبائل فون نمبرز کی معلومات موجود ہوں گی۔ ان ڈیجیٹل آئی ڈیز کے ذریعے شہری آسانی سے ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکیں گے۔

‎ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر کے سلسلے میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی ترقیاتی ادارے نے فائبر کنیکٹیویٹی کے لیے رائٹ آف وے دے دیا ہے، جبکہ اس حوالے سے پاکستان ریلوے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے تاکہ قومی سطح پر مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک تشکیل دیا جا سکے۔