لاہور، 17 اگست (اے پی پی )پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ چوہدری ظہور الٰہی شہید اور پارٹی کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ خدمت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دیا۔ ہم انہی کی سیاست کو آگے بڑھا رہے ہیں اور انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ اقتدار میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے الزام تراشیوں کی سیاست سے گریز کریں، عوام سب جانتے ہیں کہ ان کے دور میں کیا ہوتا رہا۔ پاکستان مسلم لیگ ہماری پہچان ہے اور ہمیں اسے ہر سطح پر مزید مضبوط اور منظم کرنا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پارٹی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں، ان کی تجاویز کی روشنی میں ترقی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ کارکن کسی کی غیبت یا چغلی کرنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دیں اور عوام کی خدمت کے لیے دن رات محنت کریں۔یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر کی حیثیت سے مسلم لیگ ہاؤس ڈیوس روڈ پر صوبائی حلقہ 31 کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں حلقہ 31 کے ترقیاتی امور اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پارٹی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ پی پی 31 کے سابق چیئرمینز اور وائس چیئرمینز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب عمر بشیر، صدر سٹی گجرات علی ابرار جوڑا (یونین کونسل 10)، پولیٹیکل سیکرٹری تیمور بٹ، پولیٹیکل سیکرٹری حافظ عقیل جلیل، کوآرڈینیٹر علی سہیل رضی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔











