گلگت۔اگست28 (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ چنار باغ گلگت میں سیلابی صورتحال کے دوران جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام تھے۔ اس موقع پر انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین میں 20 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، صوبائی وزراء، اعلیٰ سیکرٹریز، سیلاب متاثرین اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرین کے لئے 4 ارب روپے جاری کر دئیے ہیں۔
امیر مقام نے جی بی حکومت اور اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں بہترین کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پنجاب میں سیلابی صورتحال کے باعث گلگت نہ آ سکے تاہم وہ یہاں کے عوام کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت شندور چترال پراجیکٹ خوش آئند ہے جو معاشی انقلاب لائے گا اور سیاحت کو فروغ دے گا۔ ساتھ ہی بابوسر ٹنل منصوبے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام کو دوسرا مختصر راستہ میسر آئے گا۔











