لاہور، 20 اگست (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد کے ہمراہ ہڈیارہ ڈرین کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے گجومتہ فیروز پور روڈ سے بیدیاں روڈ تک طویل ٹریک کے اطراف ڈرین کا تفصیلی جائزہ لیا اور صنعتی فضلہ اور قریبی آبادیوں سے آنے والے نکاسی آب کی صورتحال دریافت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے صوبائی وزیر کو ہڈیارہ ڈرین پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی جی پی ایچ اے نے شجرکاری منصوبے سے متعلق آگاہ کیا۔ بلال یاسین نے ڈرین کے اطراف صنعتی سیکٹر اور پی ایچ اے کو مشترکہ طور پر شجرکاری کرنے کی ہدایات دیں اور ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ منصوبے کو عملی شکل دینے کے لئے جلد اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ وزیر ہاؤسنگ نے ایم ڈی واسا کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے مزید سفارشات تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہڈیارہ ڈرین پر واٹر ٹریٹمنٹ منصوبہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور آلودگی پر قابو پانے کے لئے شجرکاری مہمات میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان سرفہرست ہے، اسی لئے حکومت شہروں کی خوبصورتی اور شجرکاری کے فروغ کے لئے 26 اضلاع میں پی ایچ ایز قائم کر چکی ہے۔











