وفاقی وزیر امیر مقام سے چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان کی ملاقات

8

سوات، 18 اگست(اے پی پی ): وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان اور جنرل منیجر این ایچ اے سید نواز نے ملاقات کی ۔

ملاقات میں ملک بھر بالخصوص مالاکنڈ ڈویژن میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ سڑکوں، رابطہ پلوں اور انفراسٹکچر کی فوری بحالی کے ہنگامی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ان اہم انفراسٹرکچر کی فوری بحالی پر توجہ مرکوز کی گئی جو متاثرہ علاقوں میں منقطع شدہ کمیونٹیز کو دوبارہ جوڑنے اور اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ این ایچ اے کے حکام نے وفاقی وزیر کو جاری بحالی کے کاموں، زمینی سطح پر درپیش چیلنجز اور تیز رفتار بحالی کے لیے مجوزہ حکمتِ عملیوں سے آگاہ کیا۔

انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر زور دیا کہ وفاقی حکومت، وزیر اعظم شہبازشریف کی براہ راست نگرانی میں، تمام سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف، ریسکیو اور بحالی کے کاموں پر متحرک انداز میں کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے این ایچ اے حکام کو ہدایات دی کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوتے ہوئے فوری طور پر عوام کی سہولت اور امدادای سامان کی ترسیل کیلئے سڑکوں اور پلوں کو بحال کیا جائے۔