پاکستان کی آزادی کے 78 سال، گندھارا بین المذاہب مکالمہ کا انعقاد

17

اسلام آباد، اگست 28 (اے پی پی):  پاکستان کی آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر گندھارا بین المذاہب مکالمہ کا انعقاد کیا گیا جسکا مقصد بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق تمام عقائد کے لوگوں کے قومی اتحاد، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار پر روشنی ڈالنا تھا۔

تقریب کا آغاز پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والوں سے یکجہتی کیساتھ کیا گیا جبکہ پاکستان میں رہنے والے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے مکالمہ میں پاکستان میں بین المذاہب امن اور رواداری کو پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا۔

اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹوارزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب رانا نے کہا کہ پاکستان امن، محبت، برداشت اور بقاۓ باہمی کی سر زمین ہے جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے بستے ہیں، یہاں کی ثقافت اور روایات مختلف تہذیبوں کی عکاس ہیں۔ تمام مذاہب کے لوگوں کو مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ امن اور بین المذاہب آہنگی کے لیے کوششیں کرنا ہونگی۔

تقریب کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوۓ سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سید عطا الرحمان نے کہا کہ مسائل کا ادراک اور انکا حل مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انکی وزارت انٹر فیتھ پالیسی اور مذہبی رواداری کے لیے مذہبی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ہمیں ملکر مذہبی ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ قومی یکجہتی کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔