ملتان 06 آگست (اے پی پی ): چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان میں جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کا سلسلہ جوش و خروش سے جاری ہے۔ چئیرپرسن سارہ احمد کی خصوصی ہدایت پر ادارے میں رہائش پذیر بچوں کے لیے کوئز پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریکِ آزادی پاکستان اور معرکہ حق کے موضوعات پر سوالات پوچھے گئے
ترجمان بیورو کے مطابق کوئز مقابلے میں آٹھ بچوں پر مشتمل دو ٹیموں “ٹیم اے” اور “ٹیم بی” نے حصہ لیا۔ پروگرام میں بچوں کے ساتھ ادارے کے سکول پرنسپل، اساتذہ اور عملے نے بھی شرکت کی
اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ کوئز کے دوران بچوں نے نہ صرف درست جوابات دیے بلکہ حاضرین سے خوب داد بھی وصول کی
سخت مقابلے کے بعد “ٹیم اے” نے کوئز پروگرام میں فتح حاصل کی جبکہ “ٹیم بی” رنر اپ قرار پائی۔ شفاعت ظفر نے کامیاب اور شریک بچوں کو سراہتے ہوئے ٹرافیاں اور تعریفی کلمات سے نوازا
ترجمان راؤ نوید مختار کے مطابق اس نوعیت کی سرگرمیاں بچوں کے اعتماد، علم اور حب الوطنی کے جذبات کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہیں۔