ملتان 07 اگست(اے پی پی):چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ایک خوبصورت ڈرائنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ مقابلے کا اہتمام چیئرپرسن بیورو سارہ احمد کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا، جس میں بیورو میں رہائش پذیر بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ترجمان کے مطابق ڈرائنگ مقابلے میں 12 بچوں نے شرکت کی جنہوں نے آزادی اور حب الوطنی کے موضوعات پر مختلف تخلیقی ڈرائنگز بنائیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور بچوں کی کاوشوں کو سراہا۔
بیورو کے مطابق تین بہترین ڈرائنگز کو نمایاں قرار دیتے ہوئے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن دی گئی۔ مقابلے کے اختتام پر مہمان خصوصی نے کامیاب بچوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شفاعت ظفر کا کہنا تھا کہ ایسے تخلیقی مقابلے بچوں کی ذہنی نشوونما اور ان میں مثبت سوچ اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کا جذبہ نئی نسل میں منتقل کرنے کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں کا تسلسل ضروری ہے۔











