لاہور، 26 ستمبر (اے پی پی): سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں بچوں کی غذائیت، سکول نیوٹریشن پروگرام اور سموگ کنٹرول کے اقدامات میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے وفد کو پنجاب حکومت کی اصلاحات اور فلاحی اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبے کے 13 اضلاع میں سکول نیوٹریشن پروگرام شروع کیا ہے، جس کے تحت متعلقہ اضلاع کے سکولوں میں 56 ہزار سے زائد بچوں کی انرولمنٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام سے بچوں کی غذائیت میں بہتری اور سکولوں میں داخلوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے سموگ کے تدارک کے لیے قلیل، درمیانی اور طویل مدتی اقدامات کیے ہیں۔ صنعتی اخراج، گاڑیوں، فصلوں کی باقیات جلانے اور بھٹوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ کلائمیٹ مانیٹرنگ واچ کے ذریعے صنعتوں اور بھٹوں کی ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایگری میکانائزیشن اقدامات کے باعث گزشتہ سال فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں 40 فیصد کمی ہوئی۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر نے پنجاب حکومت کے نیوٹریشن پروگرام اور سموگ کنٹرول اقدامات کو سراہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت سے متعلق پیغامات مقامی زبانوں میں عوام تک پہنچانے اور ہیلتھ سینٹرز، بنیادی مراکز صحت اور کلینکس میں مقامی زبانوں میں معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب غذائیت، مقامی سطح پر آگاہی اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داری کے لیے تیار ہے۔











