ملتان 31،اگست (اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان سیلاب متاثرین کی خدمت اور بحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس کی استعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ افراد کو قیام و طعام سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے رات گئے مختلف فلڈ کیمپس کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام پہنچاتے ہوئے مکمل کفالت اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث متاثرہ خاندانوں کو قریبی سرکاری عمارات میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں سے آنے والا سیلابی ریلا آئندہ 24 گھنٹوں میں ملتان پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ تریموں سے پانی کے اخراج پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں کے انخلاء کا عمل بلاتعطل جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس میں مقیم مہمانوں کو تمام سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔