ملتان25 اگست ) اے پی پی ):کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت ون اسٹوڈنٹ ون پلانٹ اور انسدادِ سموگ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شجرکاری اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ابوبکر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ون اسٹوڈنٹ ون پلانٹ محض ایک مہم نہیں بلکہ آنے والی نسلوں میں شجرکاری سے محبت پیدا کرنے اور حقیقی معنوں میں ماحول دوست رویہ اپنانے کا ایک عملی قدم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر طالب علم کو ایک پودا اور ٹری لاگ بک فراہم کی جائے تاکہ وہ نہ صرف پودا لگائے بلکہ اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی خود لے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم صرف نئے طلبہ کے لیے نہیں بلکہ آٹھویں جماعت اور اس سے اوپر کے تمام طلبہ اس میں شامل کیے جائیں گے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شجرکاری کے بڑے پیمانے پر ایونٹس منعقد کیے جائیں جن میں پارلیمنٹیرینز، ارکان صوبائی و قومی اسمبلی، سیاسی رہنماوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات کو شامل کیا جائے تاکہ مہم کے اثرات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری محض تصویری سرگرمی نہیں بلکہ پاکستان کی حقیقی ضرورت ہے، کیونکہ موسمیاتی تبدیلی نے وطن عزیز کو بری طرح متاثر کیا ہے اور گرین کور میں اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے شہر میں خالی جگہوں پر بڑے پیمانے پر “اکسیجن لنگز” منصوبے کے تحت بڑے بڑے پودے لگانے کی ہدایت بھی کی تاکہ سموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم ہو سکے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سکولز اور کالجز کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائے، جبکہ سکولز کے قریب موجود خالی گرین بیلٹس اور آئی لینڈز پر بھی شجرکاری کی جائے۔انسدادِ سموگ اقدامات پر بات کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بیٹری جلانے اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خالی نوٹس دینے کا وقت گزر گیا ہے، اب بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور مقدمات درج کروا کر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی تاکہ سموگ پر بروقت قابو پایا جا سکے۔