کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت پارکوں کی حالتِ زار اور ان کی بحالی کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس

5

ملتان،25اگست(اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت پارکوں کی حالتِ زار اور ان کی بحالی کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پارکوں کی موجودہ صورتحال اور ان کی بہتری کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور پارکوں کی حالت اور جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پارکوں میں معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا  پی ایچ اے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ چاروں زونز میں موجود پارکوں کی تفصیلی لسٹ تیار کی جائے اور ان کی فوری بحالی کے لیے جامع منصوبہ بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر ہر زون کے پانچ پارک اسٹیٹ آف دی آرٹ معیار کے مطابق بحال کیے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور جدید سہولیات سے آراستہ تفریحی مقامات فراہم ہوں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ پارکوں میں سبزہ، لائٹس، بیٹھنے کی مناسب جگہیں اور دیگر سہولیات کو بہتر کیا جائے تاکہ خاندان اور بچے سکون اور خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں۔

کمشنر عامر کریم خاں نے خبردار کیا کہ اس منصوبے میں سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کام نہ کرنے والے افسران  کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔