کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کا مظفر آباد پارک کا تفصیلی دورہ

8

ملتان25 اگست (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے مظفر آباد پارک کا تفصیلی دورہ کیا اور پارک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارک کو شہریوں کی حقیقی تفریح گاہ بنایا جائے اور تمام مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پارک میں پارکنگ کی سہولت نہ ہونے کے باعث شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے ریلوے کی ملحقہ زمین کو پارکنگ کے لیے استعمال کرنے کی تجاویز طلب کی جائیں تاکہ پارک آنے والے شہریوں کو آسانی ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ شہریوں نے پارک کے درمیان سے غیر قانونی راستے نکال رکھے ہیں، جنہیں فوری طور پر بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارک شہریوں کی تفریح کے لیے بنایا گیا ہے، یہ کسی شاہراہ عام کا متبادل نہیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی راستوں کی وجہ سے منشیات کے عادی افراد اور جانوروں کی آمد و رفت کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے دو ہفتوں میں پارک کی بہتری کے لیے واضح اقدامات مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ پارک میں فیملیز کے لیے علیحدہ ایریا مختص کیا جائے تاکہ خواتین اور بچوں کو محفوظ اور پرسکون ماحول فراہم ہو سکے۔انہوں نے پارک میں لائٹس اور جھولوں کی تعداد بڑھانے اور فوری طور پر سیکورٹی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ سکیورٹی بھی فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے کمشنر عامر کریم خاں کو پارک کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے اقدامات پر بریفنگ دی۔