کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اہم اجلاس

7

ملتان27 اگست(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں زیر التواء این او سیز، کمرشل انفراسٹرکچر کی بہتری اور کاروباری سہولتوں کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، سی او ایم سیز، ضلع کونسل اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے تمام ادارے مل کر کام کریں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ این او سی کے لیے درخواست دینے والوں کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر منظوری دی جائے گی تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور بائی لاز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ منظور شدہ نقشوں کے برعکس تعمیرات کرنے والوں کے این او سیز منسوخ اور غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کو سیل کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق این او سیز اور دیگر عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے آن لائن پورٹل کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور شفافیت میں اضافہ ہو۔

انہوں نے اداروں کو ہدایت کی کہ نئے درخواست دہندگان کے کیسز کی بروقت سماعت یقینی بنائیں اور تمام زیر التواء این او سی کیسز کی فوری جانچ اور کارروائی مکمل کریں تاکہ عوامی اعتماد بحال کیا جا سکے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب بزنس کمیونٹی کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، تاہم غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلا امتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔