کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں کی میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات

10

ملتان،5 اگست(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ عامر کریم خاں نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کامیاب طلباء کے والدین بھی موجود تھے۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلباء و طالبات کو ان کی شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد دی اور ان کی محنت، لگن اور جذبے کو سراہا۔ انہوں نے والدین کے تعاون اور قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک طالب علم کی کامیابی کے پیچھے گھر، اسکول اور اساتذہ کی مشترکہ کوششیں شامل ہوتی ہیں۔

عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ کامیاب طلباء و طالبات ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں، اور ان سے یہ امید وابستہ ہے کہ وہ آئندہ زندگی میں بھی اسی محنت، دیانت اور لگن سے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے اساتذہ کے تعلیمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا استاد نہ صرف تعلیم دیتا ہے بلکہ طلبہ کی سوچ، کردار اور مستقبل کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ علم دوست ماحول کی تشکیل کیلئے طلباء، اساتذہ اور والدین کے درمیان مکمل ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ تعلیمی ترقی کا یہ سفر مسلسل جاری رہے۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ خرم قریشی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام  میں طلباء، والدین اور تعلیمی بورڈ کے افسران نے کمشنر عامر کریم خاں کے حوصلہ افزا کلمات کو سراہا۔