ملتان، 6اگست(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے سابق چیف سیکریٹری پنجاب جی ایم سکندر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب، مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم جی ایم سکندر ایک فرض شناس، دیانتدار اور اعلیٰ منتظم تھے جنہوں نے اپنی طویل سرکاری سروس کے دوران شفافیت، خلوص اور پیشہ ورانہ دیانت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ وہ ہر عہدے پر ایمانداری سے ذمہ داریاں نبھاتے رہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور ضلعی افسران کی جانب سے بھی مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا گیا۔











