یوم آزادی ،معرکۂ حق: شہداء کے اہلِخانہ کا وطن کے نام پیغام

14

اسلام آباد، 14 اگست (اے پی  پی ): یوم آزادی  کے موقع پر شہداء کے اہلِخانہ نے وطن کے نام پیغام میں کہا ہے کہ یومِ آزادی محض جشن نہیں بلکہ قربانیوں اور جدوجہد کی عظیم داستان ہے۔یوم آزادی پر ان محافظوں کو یاد رکھیں جو آزادی کے لیے جان نچھاور کرتے ہیں۔ افواج پاکستان ہر محاذ پر قوم کے دفاع کے لیے سینہ سپر ہے۔

شہداء کے اہلِخانہ نے کہا کہ 14اگست وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں کا خواب پاکستان کی صورت میں حقیقت بنا۔

لانس نائیک عامر عباس شہید کے بھائی نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 14 اگست وہ دن ہے جب بے مثال قربانیوں اور جدوجہد کے بعد پاکستان آزاد ہوا،یہ  دن ہماری آزادی کی یاد، قربانیوں اور ہمت کی داستان ہے،یہ دن ہمارے اسلاف کی قربانیوں اور سپاہیوں کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں قربانیوں کی یاد اور سرحدوں کے نگہبان سپاہیوں کی عظمت کا پیغام دیتا ہے۔

نائیک ماجد شہید کے بیٹے نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جنگ سے لے کر قدرتی آفات تک عوام کی خدمت میں افواج پاکستان ہمیشہ پیش پیش ہیں، یوم آزادی پر اپنے ملک سے محبت اور محافظوں کے لیے دعا ہمارا فرض ہے۔

نائیک ماجد شہید کی بیٹی نے یوم آزادی کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء کی قربانیوں کا صلہ ہے کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے محافظوں کے لیے دعا کریں جو ہر لمحہ جان قربان کرنے کو تیار ہیں۔