اسلام آباد، 18 ستمبر (اے پی پی): اسلام آباد میوزیم میں ڈیجیٹل گیلری کا افتتاح کر دیا گیا جس کی تقریب کوریا ہیریٹیج ایجنسی، ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم اور قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔
تقریب میں ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے کورین ہیریٹیج ایجنسی کی سرگرمیوں کی ویڈیو پریزنٹیشن دی گئی جس میں گندھارا کلچرل ہیریٹیج ریسرچ سینٹر، کیپیسٹی بلڈنگ اور ڈاکومنٹیشن، نمائش، منکیالہ سٹوپہ کی بحالی اور آرٹیفیکٹس کی ڈیجیٹائزیشن شامل ہیں۔
وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن, حذیفہ رحمان نے اس موقع پر کہا کہ کوریا اور پاکستان کے گہرے تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور روحانی تعلقات ہیں۔ کوریا کے تعاون سے یہ پروجیکٹ نہ صرف ریسرچ کو فروغ دیں گے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے تقافتی ورثے کی حفاظت کریں گے۔ ان پروجیکٹس کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے اور دوسرے فیز میں پاکستانی گورنمنٹ کوریا ہیریٹیج ایجنسی کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کم ڈونگھا (kim dongha)ایگزیکٹو ڈائریکٹر کوریا ہیرہٹیج ایجنسی نے کہا کہ 2021 سے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اور آرکیالوجی کے اشتراک سے پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن اور ریسرچ کا ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان اور کوریا کا ثقافتی تبادلہ دیرینہ ہے، پاکستان کے گندھارا اور بدھ مت کے تاریخی ورثے کے اثرات کوریا میں بھی نمایاں ہیں، اس گیلری سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
کوریا کے ایکٹنگ ایمبیسیڈر پارک جیلک (Park Jelak) نے کہا کہ اسلام آباد میوزیم پاکستان کے تاریخی ورثہ کی نمائندگی کرتا ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں جس کی وجہ قدرتی حسن سے مالا مال جغرافیہ اور صدیوں پرانا ثقافتی ورثہ ہے جو کہ پائدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔











