اسلام آباد، 18 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ایرانی سفیر رضا امیری مغدم کی ملاقات، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اور ایران کے سرحدی علاقوں کی تعمیر و ترقی فوری ضرورت ہے اور وہاں سہولیات کے ساتھ روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔ انہوں نے وزارت کے زیر علاج ہیموفیلیا کے مریضوں کے لیے ادویات کی باضابطہ درآمدی راہ ہموار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مغدم نے کہا کہ پاکستان اور ایران اسلامی اقدار اور برادرانہ رشتوں سے جُڑے ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مشترکہ فلاحی منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سید عمران احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد کو ترقی اور دوستی کا ذریعہ بنایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوں۔











