کوئٹہ، 23 ستمبر (اے پی پی): بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور محکمہ ماہی گیری کے درمیان وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا۔ اس موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معاہدے کی دستاویزات پر دستخط ہوئے۔معاہدے کے تحت بلوچستان میں پانچ ارب روپے کی سرمایہ کاری کو صوبے کی معیشت کے لیے سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وائس پریزیڈنٹ بلال کاکڑ اور ان کی ٹیم کو شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری ایک دیرینہ خواب تھا، آج اس کی عملی تعبیر کی طرف قدم بڑھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ماہی گیری، زراعت اور مائننگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور بلوچستان کی معیشت کو نئی سمت اور رفتار ملے گی۔ بلوچستان کو پرامن اور سرمایہ کار دوست صوبہ بنایا جا رہا ہے جس سے ترقی و خوشحالی کا نیا باب کھلے گا ۔
تقریب میں صوبائی وزراء، میر سلیم احمد کھوسہ، میر ظہور احمد بلیدی، بخت محمد کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری فشریز میر اصغر رند، حاجی ولی محمد نورزئی، محمد خان لہڑی، رکن اسمبلی میر علی مدد جتک، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وائس پریزیڈنٹ بلال کاکڑ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











