یو این ڈی پی وفد کی صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات، انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانے پر تعاون بڑھانے پر اتفاق

16

لاہور 24 ستمبر (اے پی پی): یو این ڈی پی کے وفد نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو سیموئیل رزک نے کی جبکہ اسسٹنٹ ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹیو رانا قیصر اسحاق، پراونشل ہیومن رائٹس آفیسر مدیحہ فرید اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہیومن رائٹس رضوانہ نوید بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ملاقات میں انسانی حقوق کے تحفظ اور اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ یو این ڈی پی اور پنجاب حکومت کے درمیان باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مذہبی اقلیتوں کی محافظ ہیں اور حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی امور پانچ سالہ اسٹریٹجک پلان تشکیل دے رہا ہے۔ پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ نافذ ہوچکا ہے، ہندو میرج ایکٹ کے رولز پاس ہوچکے ہیں جبکہ مسیحی میرج ایکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سول سروسز اکیڈمی میں پہلی بار اقلیتی نوجوانوں کا داخلہ کرایا گیا ہے جبکہ پنجاب کا ای-لرننگ پروگرام بے حد سراہا جا رہا ہے۔ سیلاب متاثرین کی امداد بھی وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر جاری ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے بھارتی حکومت کی جانب سے سکھ یاتری نہ بھیجنے پر افسوس کا اظہار کیا۔