اسلام آباد، 17 ستمبر (اے پی پی): پاکستان اور فلسطین کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال اور فلسطین کی جانب سے سفیرِ فلسطین نے معاہدے پر دستخط کیے۔تقریب میں وفاقی سیکرٹری ہیلتھ حامد یعقوب، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ بھی موجود تھے۔ معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ 30 روز میں “پاکستان-فلسطین ہیلتھ ورکنگ گروپ” قائم کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان اس تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ جدید طبی شعبہ جات میں استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کے مطابق انٹروینشنل کارڈیالوجی، آرگن ٹرانسپلانٹ، آرتھوپیڈک سرجری، اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ، برن اینڈ پلاسٹک سرجری، متعدی امراض، آنکھوں کے امراض اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ مزید برآں مشترکہ تحقیق کے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ معاہدے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے عوام کی صحت بہتر بنانے کے لیے قریبی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ صحت کے میدان میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔فلسطین کے سفیر نے اس موقع پر وفاقی وزیر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور پاکستان دونوں برادر ملک ہیں اور عوام کی صحت کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔











