جلالپورپیروالہ: کمشنر عامر کریم خان کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ،ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ

20

جلالپورپیروالہ، 09 ستمبر(اے پی پی):  کمشنر ملتان عامر کریم خان نے جلالپورپیروالہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

 کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کی کوششوں کے نتیجے میں آج صبح 6 بجے سے اب تک 400 سے زائد افراد کو مختلف بستیوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔  گزشتہ روز ایک ہی دن میں ساڑھے چار ہزار سے زائد متاثرین کو ریسکیو کیا گیا۔ کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ریسکیو آپریشنز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے اور تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک تمام متاثرہ افراد کو مکمل طور پر محفوظ مقامات پر منتقل نہیں کر لیا جاتا، ریسکیو آپریشنز جاری رہیں گے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔