حکومت شفاف اور مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے،وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری

10

 

اسلام آباد، 19ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے سی ٹی بی سی ایم کی اسٹیک ہولڈر ورکشاپ سے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی بی سی ایم اصلاحات پاکستان کے توانائی مستقبل کی ضمانت ہیں،حکومت شفاف اور مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے،سی ٹی بی سی ایم سے شفافیت، کارکردگی اور مسابقت کو ترویج ملے گی۔

 اویس لغاری نے کہا کہ سی ٹی بی سی ایم سے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھے گی،سی ٹی بی سی ایم برسوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ 800 میگاواٹ وِیلنگ ڈیمانڈ کے لیے آکشن فریم ورک متعارف کروایا جا رہا ہے،پاور سیکٹر کی اصلاحات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں،صارفین کو حقیقی انتخاب اور شفاف مارکیٹ فراہم کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ بڑے صنعتی صارفین وِیلنگ انتظامات سے براہِ راست مستفید ہوں گے۔ قابلِ تجدید توانائی کا انضمام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔برآمدی شعبوں کو سستی اور قابل تجدید توانائی میسر آئے گی۔

 اویس لغاری نے کہا کہ اصلاحات معیشت اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہیں۔اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت شفاف مارکیٹ کے لیے اہم ہے۔ اصلاحات مشاورت اور شراکت داری کے اصول پر آگے بڑھ رہی ہیں۔ حکومت آئی ایس ایم او اور نیپرا کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔