وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا گجرات کے متاثرہ علاقوں کا دورہ، نکاسی آب نظام اپ گریڈ کرنے کا اعلان

17

لاہور/گجرات، 10 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نورالعین بھی موجود تھے۔ وزیر ہاؤسنگ نے جیل چوک، فوارہ چوک، لوراں چوک اور ڈی سی بند مدینہ سیداں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر واسا گجرات کی جانب سے نکاسی آب آپریشن اور نئے سیوریج سسٹم کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی گئی۔ بلال یاسین نے فوارہ چوک پر شہریوں میں راشن بیگز، آٹا اور پانی کے جیری کینز بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر اضلاع سے آئی ٹیموں کی چھ روزہ انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گجرات سمیت صوبے بھر کے لیے 16 ارب روپے کا خصوصی پیکیج مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات سمیت پورے صوبے میں نکاسی آب کے نظام اور شہری انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ لوراں چوک، نالہ ہیلسی سمیت متعدد مقامات پر ڈسپوزل اسٹیشن قائم کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔