ستھرا پنجاب پروگرام کے حوصلہ افزا نتائج، اب تک 81 لاکھ 50 ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے: وزیر بلدیات ذیشان رفیق

12

لاہور 24 ستمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے تمام سی ای اوز سے اہداف اور درپیش چیلنجز کی تفصیل معلوم کی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ نیا تجربہ ہونے کے باوجود ستھرا پنجاب پروگرام کے نتائج نہایت حوصلہ افزا ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک پنجاب میں 81 لاکھ 50 ہزار ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 66 ہزار 213 ویسٹ کنٹینرز اور 364 عارضی کولیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد ورکرز ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ محفوظ ڈمپنگ کے لیے 140 لینڈ فل سائٹس تیار کی گئی ہیں، 3186 ویسٹ انکلوژرز اور 3 لاکھ 284 آلات آپریشن میں شامل ہیں۔ انہوں نے سی ای اوز کو فیس ریکوری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ بریفنگ کے مطابق شہریوں کی 99 فیصد شکایات پر 24 گھنٹے کے اندر ایکشن لیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ کوشش کریں کہ کسی بھی جگہ شکایت کی نوبت ہی نہ آئے اور ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے۔