لاہور 24 ستمبر (اے پی پی): وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت زراعت ہاؤس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے میں حالیہ سیلابی صورتحال اور وزیراعلیٰ پنجاب کے زراعت کی ترقی کے لیے جاری پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیر زراعت نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زرعی اقدامات سے متعلق منصوبوں پر پیش رفت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ سیلاب سے 2 ملین ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ اور 4 ہزار سے زائد مواضعات متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے نقصانات کے تخمینے کے لیے 2200 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو تین سے چار ہفتوں میں اپنی رپورٹ مکمل کریں گی۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب سے متاثرہ کسانوں، زراعت اور لائیو اسٹاک کے لیے ایک خصوصی پیکج فراہم کر رہی ہیں۔ مزید یہ کہ ہائی ٹیک فارم میکنائزیشن کے لیے جلد درخواستیں طلب کی جائیں گی تاکہ جدید طریقوں کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بتایا کہ نوجوان زرعی گریجویٹس نے فیلڈ میں عملی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور انٹرنیز کی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ فیلڈ فارمیشنز کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔











