اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عدنان اسلم اور میجر سید معیز عباس شہید کے گھروں کا دورہ کیا اور شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عدنان اسلم شہید اور میجر سید معیز عباس شاہ شہید کے گھروں کا دورہ کیا۔ میجر عدنان اسلم بنوں میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد شہید ہوئے جبکہ میجر سید معیز عباس شاہ جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران شہید ہوئے۔ دونوں افسران بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔صدر مملکت نے شہداء کی جرات، قیادت اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں اعلی ترین روایات کی عکاس ہیں، پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔











