ملتان ،14ستمبر(اے پی پی ):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاںاور ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو رات گئے دریائی بندوں پر موجود رہے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کشتیوں کے ذریعے سیلاب متاثرہ علاقوں میں خشک راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ روانہ کی گئیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ دریائی علاقوں میں متاثرین کو خوراک، ادویات اور ویکسینیشن کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ پانی اترنے تک متاثرین کی دہلیز پر امداد پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں امداد پہنچانے کیلئے کشتیوں اور ڈرونز کے ذریعے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو ضروریاتِ زندگی کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ دریائی بندوں میں شگاف پڑنے کے باعث آبادیوں میں پانی داخل ہوا ہے تاہم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی اترنے تک متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کا آپریشن جاری رہے گا۔











