محکمہ صحت کے اسپتالوں کی ناقص کارکردگی پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر برہم، افسران کو ایک ماہ میں ایچ آر مسائل حل کرنے کی ہدایت

11

لاہور 24 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ صحت و آبادی کے زیر انتظام چلنے والے اسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کے اسپتالوں کی موجودہ کارکردگی اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر صحت نے گزشتہ اجلاس میں جاری کیے گئے فیصلوں پر کوئی عمل درآمد نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسروں سے سوال کیا  کہ “کیا آپ چاہتے ہیں کہ ان اسپتالوں کو بند کر کے انہیں محض ڈسپنسری بنا دیا جائے؟” ایچ آر سے متعلقہ مسائل حل نہ ہونے پر متعلقہ افسران کی سرزنش بھی کی گئی۔ وزیر صحت نے کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کو ناکام بنانے کے درپے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ وہ مریم نواز شریف کے ویژن “صحت سب کے لئے” کو کامیاب بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی سے گریز کریں اور حقیقی معنوں میں عوام کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے افسران کو سختی سے ہدایت دی کہ ایچ آر سے متعلقہ تمام مسائل ایک ماہ کے اندر حل کیے جائیں اور اسپتالوں کو ہر صورت 24/7 فعال رکھا جائے۔