محکمہ قانون میں انتظامی اور ٹیکنالوجی اصلاحات لانے کا فیصلہ، وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس

12

لاہور، 25 ستمبر (اے پی پی): محکمہ قانون میں انتظامی اصلاحات اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی، ایڈیشنل سیکرٹری اور پی آئی ٹی بی کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ قانون میں ڈیجیٹل اصلاحات لانے کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پی آئی ٹی بی حکام نے بتایا کہ سولسٹر دفاتر، ڈسٹرکٹ اٹارنی دفاتر اور لاء افسران کے کیسوں کی تمام تفصیلات ڈیجیٹل ڈیش بورڈ پر دستیاب ہوں گی۔ وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پورے پنجاب کے محکموں کے کیسوں کی تفصیلات روزانہ اپ ڈیٹ ہوں گی اور اہم کیسز کو مختلف کیٹیگریز میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے محکمہ قانون اور پنجاب حکومت کو ہر کیس سے متعلق رئیل ٹائم رپورٹنگ میسر ہوگی۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ محکمہ کے پرانے مینوئل سسٹم کا خاتمہ اور اٹومیشن کے ذریعے انسانی مداخلت کو کم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام افسران اور لاء آفیسرز کی باقاعدہ ٹریننگ بھی کرائی جائے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو پنجاب بھر کی بار رومز میں خواتین وکلاء کے لیے علیحدہ بار رومز کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فی میل بار رومز تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین وکلاء کے مسائل حل ہوں۔ مزید برآں صوبائی وزیر کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی، اے جی آفس بہاولپور اور نئے جوڈیشل کمپلیکسز کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پنجاب میں وقت کے تقاضوں اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر قانون سازی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو جلد اور بہتر انصاف کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔