لاہور 16 ستمبر ( اے پی پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سیلاب زدہ علاقوں میں صاف پانی کی مسلسل فراہمی کا مشن وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے صاف پانی اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ۔ڈی جی صاف پانی اتھارٹی نے ہنگامی اقدامات اور جاری ریلیف آپریشن بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ سیلاب متاثرین تک گاڑیوں اور کشتیوں کی مدد سے اب تک 19 لاکھ لیٹر سے زائد پانی فراہم کیا جا چکا ہے، 6 لاکھ 50 ہزار سیلاب متاثرین تک صاف پانی پہنچایا جا چکا ہے، اب تک سیلاب متاثرین میں 90 ہزار سے زائد پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں،وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایات پر خصوصی طور پر جنوبی پنجاب میں پانی کی تقسیم کو تیز کیا جائے، مزید 29 الٹرا فلٹریشن ہینڈ پمپس،19 موبائل سولر فلٹریشن پلانٹس کی مدد سے متاثرین سیلاب کو صاف پانی فراہم کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور تمام ادارے سیلاب متاثرین کی داد رسی کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔











