ملتان 11 ستمبر )اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے سیلاب سے متاثرہ تحصیل جلالپور پیروالا کا مسلسل تیسری بار دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کنوں چوک پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرین کو فوری طور پر مزید ٹینٹ فراہم کیے جائیں اور فلڈ ریلیف کیمپ میں میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے۔اس کے علاوہ متاثرین کو دن میں تین وقت کا کھانا جبکہ بچوں کو دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلالپور پیروالا کے عوام اس وقت ایک کڑے مرحلے سے گزر رہے ہیں، اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بتایا کہ جلالپور پیروالا شہر کو بچانے کے لیے انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر 7 کلومیٹر طویل بند چند گھنٹوں میں تعمیر کیا، جو ایک قابلِ ستائش اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ریسکیو کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی تیار کر لی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متاثرینِ سیلاب کے نقصانات کے ازالے کا وعدہ کیا ہے۔ حکومت ہر سیلاب سے متاثرہ فرد کو مکمل طور پر بحال کرے گی۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو آفتاب پیرزادہ اور اسٹاف آفیسر غلام سرور بھی ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے۔











