ملتان میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لئے سروے کا آن فیلڈ آغاز کردیا گیا ہے

17

ملتان 28، ستمبر (اے  پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ملتان میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لئے سروے کا آن فیلڈ آغاز کردیا گیا ہے۔ شہر اولیاء میں ضلع بھر کے سیلاب زدہ علاقوں میں سروے ٹیمیں متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگارہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کے مطابق ضلع میں اربن یونٹ کی 82 سروے ٹیمیں جدید موبائل ایپ کے ذریعے ڈیٹا اکٹھا کررہی ہیں۔ ان جوائنٹ سروے ٹیموں میں ریونیو، اربن یونٹ، لائیوسٹاک، بلڈنگ، روڈز کے نمائندوں کے ساتھ پاک فوج کے جوان بھی شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں جا کر سروے ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سروے کا دائرہ کار سٹی، صدر، شجاع آباد اور جلالپور کی تحصیلوں میں پھیلایا گیا ہے، جہاں 162 مواضعات میں نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔مزید برآں، نقصانات کے تخمینوں کی تصدیق تحصیل لیول پر قائم کمیٹی کرے گی۔ جدید پورٹل کے ذریعے متاثرین کے جانی، مالی اور لائیوسٹاک نقصانات کا مکمل ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا تاکہ سیلاب متاثرین کو حکومت کی جانب سے بروقت ریلیف اور امداد فراہم کی جاسکے۔