ملتان،30 ستمبر(اے پی پی): ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) میں جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے ای فائل اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (ای-ایف او اے ایس) رائج کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں افسران اور عملے کی تربیت کے لیے ایک ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین کے مطابق ای-ایف او اے ایس، کے نفاذ سے ایم ڈی اے کا فائل ورک مکمل طور پر مینوئل سے پیپر لیس سسٹم پر منتقل ہو جائے گا، جس سے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں تیزی آئے گی اور سرکاری امور بروقت انجام پائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس جدید نظام کے تحت ڈرافٹس، درخواستوں اور شکایات نمٹانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی استعمال ہوگی جبکہ ایک مرکزی ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کے ذریعے تمام ریکارڈ ہر وقت دستیاب رہے گا اور اس میں رد و بدل کا امکان بھی ختم ہو جائے گا۔ڈی جی ایم ڈی اے نے مزید کہا کہ پیپرلیس ورکنگ سے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔











