ملتان ، 18ستمبر (اے پی پی ):وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کی جانب سے نواں شہر شجاع آباد میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم کردہ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور ہسپتال کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور مریضوں کا زچہ بچہ کے حوالے سے خود بھی طبی معائنہ کیا اور علاج تجویز کیا۔ پروفیسر مہناز خاکوانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی ہدایات کے مطابق نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف دن رات سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ریلیف کیمپ میں مریضوں کے لیے ایمرجنسی، خواتین و بچوں کے علاج، اور ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے انہوں نے طبی عملے کو ہدایت دی کہ متاثرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو فوری اور معیاری طبی امداد دی جا سکے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی نے مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔











