لاہور، 18 ستمبر (اے پی پی): چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد سے قطر کے سفیر الشیخ علی مبارک علی عیسیٰ الخطیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی اور اسلامی سربراہی کانفرنس قطر کے اعلامیہ، پاک قطر دوستی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی سطح پر ناقابلِ قبول ہے۔ اسرائیل اور اس کا وزیراعظم نیتن یاہو ایک عالمی مجرم ہے جس نے قطر جیسے ملک، جو ہمیشہ مکالمے اور مذاکرات کا عظیم پلیٹ فارم رہا ہے، پر حملہ کرکے اپنی صیہونی سفاکیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ دوحہ میں اسلامی سربراہی کانفرنس اور اس میں سربراہانِ مملکت کی شرکت اُمت اسلامیہ کے اتحاد کا ثبوت تھی جبکہ قطر کانفرنس کا اعلامیہ پوری اُمت کی آواز ہے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کا دورہ قطر قطری عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا مظہر تھا۔ وزیر اعظم کی تقریر پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام کی آواز تھی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اُمت متحد ہوکر اسرائیل جیسی اسلام دشمن قوتوں کو جواب دے۔ قطری سفیر الشیخ علی مبارک علی عیسیٰ الخطیر نے اس موقع پر کہا کہ قطر کے عوام پاکستانی عوام کے محبت بھرے جذبے کے شکر گزار ہیں۔ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد سب سے پہلے پاکستان کے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر دوحہ پہنچے، جو قطری عوام کے ساتھ اخوت و محبت کا روشن ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بادشاہی مسجد لاہور میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہونے والی مذمتی کانفرنس بھی پاکستان کی طرف سے والہانہ محبت کی عکاس ہے۔ پاکستان اور قطر یک جان دو قالب کی مانند ہیں اور یہ دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔











