سوات، 6 ستمبر ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے سوات مینگورہ ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی ہدایات پر سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔
اس موقع پر ایک باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی، ضلعی انتظامیہ، ،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سینئر افسران, سی ای او واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف سوات، ایکسئین آپریشن پیسکو سوات, منتخب نمائندگان، سول سوسائٹی کے ارکان اور متاثرہ خاندانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اپنےخطاب میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان جناب شہباز شریف کے خصوصی ہدایات پر سوات سیلاب شہداء کے ورثاء میں امدادی چیکس تقسیم کیے۔انجینئر امیر مقام نے اپنےخطاب میں کہا کہ سیلاب نے خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع کو متاثر کیا- جس دن سیلاب آیا اس دن سوات میں موجود تھا اور پہلے دن سے خود سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سیلاب کے پہلے روز متاثرین کے نقصانات اپنی آنکھوں سے دیکھے، پوری قوم سیلاب سے جانی ومالی نقصانات پر افسردہ ہے۔وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے سیلاب کے حوالے سے امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کررہا ہوں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ 6 ستمبر یومِ دفاع ہماری تاریخ کا ایک حوصلہ افزا اور ناقابلِ فراموش باب ہے، جو ہمیں قربانی، جرات اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے۔متاثرین نے امدادی چیکس ملنے پر وفاقی حکومت اور انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا-اس موقع پر مسلم لیگ ن سوات کی قیادت ضلع صدر قوی خان،سکرٹری جنرل عبدالکریم خان،سوات ڈویژن جنرل سکریٹری و سابقہ صوبائی وزیر محمد علی شاہ، صوبائی ڈپٹی جنرل سکریٹری فضل رحمان نونو،صوبائی یوتھ آرگنائزر ارشاد علی خان،دیگر پارٹی قائدین بھی موجود تھی۔











