صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں منانے سیلاب متاثرین کے پاس پہنچ گئے

9

قصور,6ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین قصور میں سیلاب متاثرین کے پاس پہنچ گئے۔ صوبائی وزیر نے عید میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں میں سیلاب زدگان کو بھی شامل کیا۔ متاثرین کے کیمپ میں عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے سیلاب متاثرین میں کھانا، مٹھائی اور بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ ڈی سی قصور عمران علی اور ڈی پی او محمدعیسیٰ خاں نے زمینی صورتحال اور امدادی کارروائیوں بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلابی علاقوں سے ہزاروں افراد اور لاکھوں کی تعداد میں  جانوروں  کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنایاجارہاہے۔ امدادی سرگرمیوں میں 85 کشتیاں پانی میں موجود ہیں۔ امدادی سرگرمیوں میں 15پرائیویٹ بیڑے ریسکیو آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ تلوار پوسٹ، اتر سنگھ والا،کوٹھی فتح محمد میں آرمی اور پولیس کے 300 دستوں کی مدد سے لوگوں کا انخلاء یقینی بنایا جارہا ہے۔ گنڈا سنگھ والاکے مقام پر پانی کا بہاؤ3لاکھ38ہزار28یوسک ہے۔ بلال یاسین کا گورنمنٹ ہائی سکول گنڈاسنگھ والاڈی پی ایس میں  قائم ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کرکے ضلعی انتظامیہ کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے مقامی نمائندوں اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ سیلاب متاثرین کاحکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے کہاکہ متاثرین سیلاب ہمارے مہمان ہیں، حکومت پنجاب ہر ممکن دکھوں کا مداوا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام وزراء متاثرین سیلاب کے ساتھ موجود ہیں۔فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج سمیت تمام ادارے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔