وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس، سیلاب متاثرین کی بحالی و امداد کیلئے اہم فیصلے

12

لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے بحالی آپریشن فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ متاثرین کو براہِ راست اور فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آسان ترین طریقہ کار وضع کیا جائے اور متاثرین کے نقصانات کے سروے کے لیے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ وہ خود ڈیش بورڈ کے ذریعے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گی۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع اور 64 تحصیلوں کے 3775 موضع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے 63 ہزار 200 پکے مکانات جبکہ 3 لاکھ 9 ہزار 684 کچے مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ سروے ٹیموں میں اربن یونٹ، ریونیو، زراعت اور پاک فوج کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ نقصان کے ازالے کا درست تخمینہ لگایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کا حکم دیا اور کہا کہ حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو متاثرین تک خود پہنچنا ہوگا، اس مقصد کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف کیمپ اور پوائنٹس قائم کیے جائیں تاکہ امداد کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ دل کھول کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے، ہر فرد کے نقصان کا ازالہ کریں گے اور کوئی بھی ریلیف سے محروم نہیں رہے گا۔