لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک مشترکہ دفاعی معاہدے کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے پیش کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان اور سعودی عرب کے اس دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور تاریخی قرار دیتا ہے اور دونوں برادر ممالک کو اس معاہدے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔ ایوان نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری پاک فوج کے حصے میں آئی ہے اور ہماری بہادر افواج یہ فریضہ ایمان، اخلاص اور جذبے کے ساتھ ادا کریں گی۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا یہ دفاعی اتحاد نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کا ضامن بھی ثابت ہوگا۔ ایوان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ دفاعی اشتراک علاقائی استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ قرارداد کے آخر میں پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور پاک سعودی دوستی پائندہ باد کے نعرے درج کیے گئے۔











