وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کی قرعہ اندازی، 9500 ہائی پاور ٹریکٹرز کے خوش نصیب مالکان کا اعلان

9

یہ اسکیم کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی: مریم نواز
لاہور، 20 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ٹو کے تحت 9500 ہائی پاور ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی کا افتتاح کیا۔ قرعہ اندازی میں پہلا ٹریکٹر تحصیل اٹک کے راجہ رفعت عباس، دوسرا نزت پروین اور تیسرا میاں نصیر کے نام نکلا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور قصور سے تعلق رکھنے والے کاشتکار محمد عاشق کو بذات خود ٹیلی فون کر کے خوشخبری سنائی۔ انہوں نے دوستانہ انداز میں کہا: “کیہہ حال اے؟ تسی ٹریکٹر واسطے اپلائی کیتا سی، تہانوں مبارکباد واسطے فون کیتا اے، تہانڑا ناں نکل آیا اے۔”
سیکرٹری زراعت نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 7 ایکڑ یا اس سے زیادہ اراضی رکھنے والے کاشتکار 75 سے 125 ہارس پاور کے ٹریکٹر حاصل کر سکیں گے۔ ہائی پاور ٹریکٹرز کے لیے حکومت پنجاب 10 لاکھ روپے سبسڈی فراہم کرے گی، جبکہ اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 20 ہزار ٹریکٹرز پر سبسڈی دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق ہائی پاور ٹریکٹر اسکیم کے تحت 9500 اور میڈیم پاور اسکیم کے تحت 10 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ میڈیم پاور (50 سے 65 ہارس پاور) ٹریکٹر پر 5 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔
گرین ٹریکٹر اسکیم فیز ٹو کے لیے مجموعی طور پر 7 لاکھ 34 ہزار کاشتکاروں نے درخواست دی، جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار کسان قرعہ اندازی کے اہل قرار پائے۔ ان میں سے 9500 کاشتکار قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب ہوئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 98 فیصد کاشتکاروں نے پاکستانی ساختہ ٹریکٹرز جبکہ صرف 2 فیصد نے بڑے اور جدید امپورٹڈ ٹریکٹرز کے لیے اپلائی کیا۔ اس طلب کے پیش نظر غیر ملکی ڈیلرز نے پنجاب میں اپنے ڈیلر آفس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ اسکیم کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔