ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ساتھ تعاون سے پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں مزید سرمایہ کاری لائی جائے گی، جس سے صوبے کی صنعتی اور معاشی ترقی کو نئی رفتار ملے گی: چوہدری شافع حسین
لاہور، 20 ستمبر(اے پی پی): محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی روابط بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے کنٹری ہیڈ وہاب طارق بٹ نے دستخط کیے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب پیسک ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی۔
معاہدے کے تحت پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ، تجارتی وفود کے تبادلوں اور بزنس سیمینارز کے انعقاد کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ہانگ کانگ، چین اور خطے کے دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط بڑھائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں وہاب طارق بٹ کو سرمایہ کاری کے فروغ اور رابطہ کاری کے لیے کوآرڈینیٹر نامزد کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنا اور نئی سرمایہ کاری لانا ان کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سی غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں صنعتی یونٹس لگا رہی ہیں، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی بھی منتقل ہو رہی ہے۔ چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ ٹیکسٹائل، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور الیکٹرک وہیکلز سمیت دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ساتھ تعاون سے پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں مزید سرمایہ کاری لائی جائے گی، جس سے صوبے کی صنعتی اور معاشی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔











