وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے تھیم پارک سٹی کا دورہ کیا، نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ

11

لاہور، 13 ستمبر (اے پی پی): تھیم پارک سٹی میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واٹر چینل کھول کر نکاسی آب کا آغاز کر دیا گیا۔ 20 فٹ چوڑے اور 5 فٹ گہرے شگاف کے ذریعے پانی کو دریائے راوی کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
واسا لاہور کے 17 ڈی واٹرنگ سیٹ، 5 پمپنگ مشینیں، 5 ایکسکویٹر اور 5 ڈمپر اس ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل، ڈی جی واسا پنجاب، کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا بھی موجود تھے۔
وزیر ہاؤسنگ نے متاثرہ علاقے کے اطراف کا کشتیوں کے ذریعے بھی جائزہ لیا، جبکہ کمشنر لاہور اور ایم ڈی واسا نے مجوزہ اقدامات اور ریلیف آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نکاسی آب کے فوری انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب کے مؤثر اور دیرپا حل پر عملدرآمد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے بتایا کہ واسا کی تمام مشینری پانی کی مکمل نکاسی تک فیلڈ میں موجود رہے گی جبکہ 50 سے زائد افراد پر مشتمل عملہ 24 گھنٹے آپریشن کی تکمیل تک سرگرم عمل رہے گا۔