تہران، 18 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے تہران میں ایرانی وزیرِ زراعت جہاد غلام رضا نوری قزلجہ سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران زرعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ ایرانی وزارتِ زراعت آئندہ دو ہفتوں میں ایک وفد پاکستان بھیجے گی جو پاکستانی مکئی کی برآمد کے انتظامات حتمی کرے گا۔ اس موقع پر جام کمال خان نے ایرانی وزیر کا پاکستان سے چاول اور گوشت کی درآمد بڑھانے پر شکریہ ادا کیا۔
ایران اور پاکستان کے سیڈ کونسلز نے بیجوں کی ترقی اور بیماریوں کے خلاف مزاحم اقسام پر مشترکہ تحقیق میں دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے مشترکہ کمیٹی کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ایرانی وزیرِ زراعت نے کہا کہ ایران کو پاکستانی زرعی مصنوعات خصوصاً چاول، گوشت اور مکئی میں گہری دلچسپی ہے اور مستقبل میں اس شعبے میں تعاون مزید بڑھے گا۔











