وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس

11

اسلام آباد19ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحت، تعلیم اور پانی کے شعبوں سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کی ابتدائی تعلیم سب سے اہم سرمایہ کاری ہے اور اگر اس مرحلے پر توجہ نہ دی جائے تو بعد کے مراحل میں زیادہ خرچ کرنے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم اور سائنسی سہولتیں فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت احتسابی نظام اپنانا ہوگا اور بہترین اساتذہ کی خدمات حاصل کرنی ہوں گی تاکہ حقیقی نتائج سامنے آ سکیں۔ماحولیات اور پانی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آلودگی کے مسائل سنگین ہوتے جا رہے ہیں، اس لیے صوبائی حکومتیں نکاسی آب اور فضلے کے نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دیں تاکہ عوام کی صحت اور معیشت دونوں کو تحفظ مل سکے۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے مقاصد اور نتائج واضح ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو ان کے حقیقی ثمرات مل سکیں۔